گورنمنٹ ہائی سکول ڈسکہ کی تزئین و آرائش مکمل
کلاس رومز جدید طرز پر ازسرِنو تیار، لائبریری میں نئی اور معیاری کتب فراہم
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ویژن کے تحت صوبہ بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں تعمیرِ نو، تزئین و آرائش اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کا عمل جاری ہے اور اسی سلسلے میں ضلع سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں نمایاں مثال گورنمنٹ ہائی سکول ڈسکہ ہے جسکی ری ویمپنگ کی گئی ہے ۔ یہ سکول اپنی ترقی، نظم و ضبط اور معیارِ تعلیم کے باعث تحصیل ڈسکہ کا ایک ماڈل ادارہ بن چکا ہے ۔ری ویمپنگ کا عمل چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ مجاہد حسین علوی کی نگرانی میں مکمل کیا گیا ہے ۔
سکول کی حالیہ تبدیلیاں اس بات کا مظہر ہیں کہ تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے ہر سطح پر سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔سکول کے کلاس رومز کو جدید طرز پر ازسرِنو تیار کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو روشن، صاف ستھرا اور سیکھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ سکول کی سائنس اور آئی ٹی لیبز میں جدید سائنسی آلات اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے طلبہ میں تحقیق، تجربہ اور عملی علم کا جذبہ بیدار ہوا ہے ۔سکول کی لائبریری میں نئی اور معیاری کتب کی فراہمی سے مطالعے کا کلچر فروغ پا رہا ہے جس سے طلبہ میں علم کی جستجو اور تحقیقی سوچ پروان چڑھ رہی ہے ۔