کرسمس کے موقع پر بہترین سکیو رٹی انتظامات ہونگے :صبا اصغر
رکن صوبائی اسمبلی شکیلہ جاوید کے ہمراہ کرسمس تقریبات کا آغاز کر دیا اور کیک کاٹا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے رکن صوبائی اسمبلی شکیلہ جاوید کے ہمراہ کرسمس کے سلسلے میں تقاریب کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کیک کاٹا اور کرسچن کمیونٹی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بشپ ایلون جان سموئیل بشپ آف سیالکوٹ، ایلڈر شہزاد خرم سیکرٹری جنرل سینڈ چرچ آف پاکستان، پادری شافان صابر ، پادری ولسن عمانوئیل ، پادری شرون فضل، پادری سیمسن انجم، پادری شہباز افضل، ریاض بھٹی، آصف ناظر اور یبیض آرتھر بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر ضلعی انتظامیہ بہترین انتظامات کرے گی اور تمام چرچز کی بہترین سکیورٹی کا انتظام یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقاریب میں انتظامی افسر ، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور دیگر تمام اقلیتوں کے نمائندے بھی شریک ہونگے ۔ صبا اصغر علی نے کہا کہ سیالکوٹ میں تمام مکاتب فکر کے افراد اور اقلیتیں مکمل ہم آہنگی کے ماحول میں موجود ہیں اور ضلع کی اس روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔ شکیلہ جاوید نے ڈپٹی کمشنر صبا اصغر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے اقلیتوں کی بہبود کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں جن میں مینارٹی کارڈ قابل ذکر ہے ۔