ٹریفک قوانین پر سختی‘ ٹرانسپورٹ بند ،پتھر کی سپلائی معطل

ٹریفک قوانین پر سختی‘ ٹرانسپورٹ بند ،پتھر کی سپلائی معطل

سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر کیلئے جاری کام سرگودھا سے مٹیریل نہ آنے پر رک گئے

ڈسکہ(نامہ نگار )ڈسکہ شہر اورگردو نواح میں ٹریفک قوانین پر سختی ،دوسرے شہروں سے آنے والی ٹرانسپورٹ بند ہونے لگی،مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ،پنجاب بھرکی طرح ڈسکہ شہر و گردو نواح میں ٹریفک قوانین پر سختی کے بعد شہر کے باہر سے آنے والی سٹون ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہو گئی۔ بھاری جرمانوں اور گاڑیوں پر ایف آئی آرز کے اندراج کے باعث ٹرانسپورٹرز نے اپنی گاڑیاں کھڑی کر دیں جس سے سٹون میٹریل کی سپلائی بھی معطل ہو گئی جس کی وجہ سے تعمیراتی کام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ،حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر کیلئے اربوں روپے کے ٹینڈر جاری کئے ہیں اور تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں مگر سرگودھا سے میٹریل نہ ملنے کی وجہ سے تعمیراتی کام رک گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرکنگ سیکٹر کو فوری ریلیف دیا جائے ، ایچ ٹی وی لائسنس کے حصول میں آسانیاں پیدا کی جائیں اور غیر ضروری ایف آئی آرز کا سلسلہ بند کیا جائے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی طرح دوسرے شہر سے سامان لے کر آنے والی ٹرانسپورٹ بند ہونے لگی تو پنجاب بھر میں مہنگائی میں بھی اضافے کا خدشہ پیدا ہو نے لگا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں