موجودہ حکومت میں ترقی کا سفر آ گے بڑھ رہا :اظہر قیوم ناہرا
ایم این اے کی قیادت میں سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے کی جلسے میں شرکت
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )مسلم لیگ (ن) کے رہنما اظہر قیوم ناہرا ایم این اے کی قیادت میں سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلہ گوجرانوالہ روانہ ہوا جس میں سٹی صدر اقبال صدیق سدھو، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی گلزار احمد باٹھ، یونین کونسل چیئرمین عظمت علی ملہی، امتیاز احمد ورک، رانا آصف محمود، حسن اقبال گجر، محمد آصف مٹو، ایم ایس ایف کے صدر ابوبکر گجر، یوتھ ونگ کے راجہ آزاد سمیت ہزاروں مسلم لیگی کارکن شریک تھے قافلے نے گوجرانوالہ پہنچ کر رائل پام سٹی میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا استقبال کیا۔ روانگی سے قبل خطاب کرتے ہوئے اظہر قیوم ناہرا نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)ہی ملک کو معاشی استحکام، ترقی اور خوشحالی کی جانب لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ہمیشہ ترقی کی راہ لی اور اب ایک بار پھر یہی سفر تجدیدِ عہد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کا پُرجوش استقبال عوام کے اعتماد اور محبت کا واضح ثبوت ہے ، مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کا مشن پوری لگن کے ساتھ جاری رکھے گی۔