شخصیات کے بجائے اداروں کو مضبوط بناناچا ہیے :جماعت اسلامی
غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن کر انے سے ہارس ٹریڈنگ کا راستہ کھلے گا :پر یس کانفرنس
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب رانا تحفہ دستگیر نے ضلعی امیر ملک شوکت علی پھلروان اور دیگر رہنماؤں ڈاکٹر محمدیا سین اور رب نواز تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ شخصیات کے بجائے اداروں کو مضبوط بناناچا ہیے کیونکہ شخصیات کے اوپر ملک نہیں چلتے ،ملک اداروں کی مضبوطی سے چلتے ہیں ، اس لئے ہم ہمیشہ ایکسٹینشن کے خلاف رہے ہیں ، آئین کے اندر ہر طریقہ موجود ہے ،آئین سے ماورا فیصلے نہیں کرنے چاہئیں،اس لئے کسی کوغیر آئینی طورپر قوم پر مسلط کرنا غلط اور آئین کے منافی ہے ، حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں بلدیاتی الیکشن نہ ہوں، جس طرح موجودہ حکمرانوں کو ملک پر اسٹیبلشمنٹ نے مسلط کررکھا ہے حکمران چاہتے ہیں کہ وہ عوام کی رائے کے بغیر ہی یہ سسٹم چلاتے رہیں، ہم انکے پیچھے ہیں ،ہم عدالتوں میں بھی جائیں گے اور گورنمنٹ کو الیکشن کرانے پرمجبور کریں گے ،اگر بلدیاتی الیکشن کر ائے گئے توہم اپنے نشان اور جھنڈے پر الیکشن لڑیں گے ۔ہمارا مطالبہ یہ بھی ہے کہ بلدیاتی الیکشن کو جماعتی بنیادوں پر کرایا جائے کیونکہ غیر جماعتی بنیادوں پر الیکشن کر انے سے ہارس ٹریڈنگ کا راستہ کھولنے والی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لائسنس اور ہیلمٹ کی آڑ میں لوگوں کو گھروں میں بند کرکے رکھ دیا ہے ،پہلے عوام کو ایجوکیٹ کرنا چاہئے تھا لیکن انہوں نے بچوں کو حوالاتوں میں بند کرکے ظلم کا دروازہ کھول دیا ، چالانوں کی آڑ میں لوگوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے ، ہم لاہور میں احتجاجی ریلی نکالیں گے اور ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے ۔