بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں:ڈاکٹر طارق
چیئرمین یوسی کا انتخاب عوام کے ووٹوں سے کیا جائے ورنہ ہارس ٹریڈنگ ہو گی
گجرات(سٹی رپورٹر )جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب حکومت کے بلدیاتی ایکٹ 2025کے خلاف پنجاب میں احتجاجی تحریک کا اعلان کیا ہے اور 7دسمبر اتوار کو پورے پنجاب میں بلدیاتی ایکٹ کے خلاف مظاہرے کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر قائم مقام امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات رانا محمد عمر صدیق بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ن لیگ خود کو سیاسی جماعت کہتی ہے لیکن بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی کرانے جارہی ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں ، چیئرمین یوسی کا انتخاب بھی براہ راست عوام کے ووٹوں سے کیا جائے ورنہ نچلی سطح پر ہی ہارس ٹریڈنگ ممبران کی خرید و فروخت شروع ہو جائے گی۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا پنجاب میں ٹریفک چالان گردی کے ذریعے پورے پنجاب میں غریب متوسط طبقے کی عوام پر ظالمانہ جرمانوں اور اندراج مقدمات کا سلسلہ زوروشور سے جاری ہے ،گجرات میں جیل روڈ پر ایک کار ڈرائیور کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کا جرمانہ5ہزار روپے کیا گیا جبکہ موٹر وے ہا ئی وے پر جرمانہ 500روپے ہے ، پنجاب کے حکمران اپنی رٹ قائم کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں ۔