علی پورچٹھہ:گیپکو کی نجکاری کیخلاف ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال

علی پورچٹھہ:گیپکو کی نجکاری کیخلاف ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال

دفاتر کی تالا بندی ، بجلی سے متعلق شکایات کے ازالے کا نظام مفلوج ،صارفین دربدر

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)گیپکو سب ڈویژن علی پورچٹھہ میں نجکاری کیخلاف ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے دفاتر کی تالا بندی کر دی ۔علی پورچٹھہ سب ڈویژن گیپکو کے ملازمین نے بجلی کی تقسیم کار کمپنی کی ممکنہ نجکاری کے خلاف احتجاجاً کام چھوڑ ہڑتال کر دی جس کے باعث دفاتر پر تالے لگا دئیے اور بجلی سے متعلقہ شکایات کے ازالے کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا ۔ ہڑتال کے باعث بجلی کی ترسیل متاثر رہی جبکہ شہری کمپلینٹ کے اندراج اور حل کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ گزشتہ روز بجلی بندش کا جاری شیڈول بھی منسوخ کر دیا گیا جبکہ فالٹ اور دیگر تکنیکی امور پر کوئی کام نہ ہو سکا جس سے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق اگر حکومت نے ملازمین کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو 15جنوری کے بعد مکمل تالا بند ہڑتال کی جائے گی جس کے تحت نہ تو بجلی کے بل تقسیم کیے جائیں گے اور نہ ہی کسی قسم کی کمپلینٹ پر کام کیا جائے گا۔ شہریوں نے حکومت سے فوری نوٹس لینے ،ملازمین اور عوام دونوں کے مسائل کا مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بجلی کی فراہمی اور شکایات کے نظام کو بحال کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں