سردی بڑھتے ہی گرم ملبوسات کی قیمتوں میں اضافہ
مہنگائی کے با عث لنڈا بھی محنت کش طبقے کی پہنچ سے باہر ،دکاندار بھی پریشان
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)جنوری کے دوسرے ہفتے سردی کی شدت بڑھتے ہی گوجرانوالہ میں گرم ملبوسات کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ، لنڈابازار کی رونقیں اور ریٹس بھی بڑھ گئے ، لنڈا بھی محنت کش طبقہ کی پہنچ سے باہر ہوگیا ۔شہریوں نے گرم ملبوسات کی خریداری تیز کردی ، سردی بڑھتے ہی جہاں مارکیٹوں اور بازاروں میں شہریوں کا رش بڑھ گیا، وہاں مہنگائی کے ستائے شہروں کی بڑی تعداد نے لنڈے بازار کارخ کرنا شروع کردیاگزشتہ سال کی نسبت لنڈے کے کپڑوں کی قیمتوں میں بھی کئی گنا تک اضافے نے شہریوں کو پریشان کرکے رکھ دیا ۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث د کاندار اور خریدار دونوں پریشانی کا شکار ہیں ۔ لنڈے کے دکانداروں نے گوندلانوالہ ریلوے پھاٹک کے ساتھ جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف ہتھ ریڑھی اورعارضی سٹالز سجالئے جبکہ جی ٹی روڈ،گوندلانوالہ روڈ،سیالکوٹ روڈ،کھیالی اور دیگر اہم شاہرات پر بھی سستے سٹالز قائم کرد ئیے گئے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بازار میں ملبوسات مہنگے ہونے کی وجہ سے خریداری کیلئے لنڈے آتے ہیں لیکن یہاں بازار سے بھی زیادہ ریٹ ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہر سال لنڈے کے ملبوسات میں مہنگے ہو رہے ہیں ۔