حافظ آباد :پونے 2 ارب سے سیوریج کے میگا پراجیکٹ کا آغاز
منصوبے کی تکمیل سے شہر میں سیوریج کے مسائل ختم ہو جائینگے :سائرہ افضل تارڑ
حافظ آباد (نامہ نگار،نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں ایک ارب 77کروڑ روپے کی لاگت سے سیوریج کے میگا پراجیکٹ کا آغاز کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ کی کو ارڈی نیٹر سائرہ افضل تارڑ ، ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے کلمہ چوک میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ مسلم لیگ کے ضلعی رہنما تہور حسین تارڑ، سابق ایم پی اے ڈاکٹر مظفر علی شیخ ،شیخ گلزار احمد ، ایم ڈی واسا بلال فروز جوئیہ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اکرام اﷲ سندھو سمیت معززین کی بڑی تعداد تقریب میں موجو د تھی ۔ سائرہ افضل تارڑ کاکہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا ہر دور عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کا انقلابی دور ہو تا ہے ،حکومت پنجاب اور ورلڈ بینک کے تعاون سے حافظ آباد شہر میں سیوریج کا سب سے بڑا منصوبہ شرو ع کیا جا رہا ہے ،اس منصوبے کی تکمیل سے شہر میں سیوریج کے مسائل ختم ہو جائینگے ۔ انکاکہنا تھا کہ اربوں روپے کی لاگت سے شہر کی سڑکوں ، گلی ،محلوں اور واسا کے پراجیکٹ بھی جلد شروع کئے جائینگے ۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کاکہنا تھا کہ سیوریج کا میگا پراجیکٹ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی یا فتہ پنجاب اور علاقہ کی عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا ۔