ڈپٹی کمشنر کا دورہ پنڈی بھٹیاں ،رمضان کارڈ کی تقسیم کا جائزہ
پنڈی بھٹیاں ، حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دُنیا)ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایم پی اے عون انتصار بھٹی کے ہمراہ مختلف علاقوں میں لوگوں کے گھروں میں جا کر نگہبان رمضان کارڈ تقسیم کئے ۔
اسسٹنٹ کمشنر محسن اقبال ڈھلوں بھی ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد میں نگہبان رمضان پیکج کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا مثالی پروگرام ہے اور انتہائی شفاف طریقہ کار کے ذریعے لوگوں کو انکے گھروں تک اے ٹی ایم کارڈز پہنچائے جا رہے ہیں اور انہیں فی کس10ہزار روپے کی امدادی رقم دی جا رہی ہے ۔حافظ آباد میں 28ہزار مستحق رجسٹرڈ افراد میں سے ابتک تقریباً 19ہزار افراد میں اے ٹی ایم کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مالی امدادی کی رقوم میں کسی قسم کی کوئی کٹوتی نہیں کی جائیگی اور پورے دس ہزار روپے متعلقہ فرد کو د ئیے جا ئینگے ۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سکول پنڈی بھٹیاں میں قائم نگہبان رمضان کارڈ تقسیم کیمپ سائٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مستحق افراد کو کارڈز ،فنگر پرنٹس کے حوالے سے دی جانے والی رہنمائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے حافظ آباد سٹی میں قائم رمضان سہولت بازار کا دورہ کرتے ہوئے وہاں سستی اور معیاری اشیاء کی فروخت اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں کا دورہ بھی کیا ،ہسپتال کے دورہ کے دوران انہوں نے ایمرجنسی،ان ڈور ،آؤٹ ڈور ڈیپارٹمنٹ،میڈیسن سٹور،ڈینٹل یونٹ سمیت دیگر شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے وہاں مریضوں کو دستیاب علاج معالجہ کی سہولیات،مفت ادویات کی فراہمی،صفائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔