بغیر نقشہ سینکڑوں کمرشل و رہائشی عمارتوں کی تعمیر
عالم چوک ،کوٹ اسحاق اور لدھیوالہ سٹی میں ملی بھگت سے غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر نظر انداز ،خزانے کو کروڑوں کا نقصان ، شہریوں کا ڈی سی سے جانچ پڑتال کا مطالبہ
لدھیوالہ وڑائچ(نامہ نگار )بلڈنگ انسپکٹر کی مبینہ ملی بھگت سے لدھیوالہ کوٹ اسحاق میں بغیر نقشہ سینکڑوں کمرشل و رہائشی عمارتوں کی تعمیر کا انکشاف، سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا جانے لگا ۔ بتایا گیا ہے کہ میونسپل کمیٹی لدھیوالہ میں تعینات بلڈنگ انسپکٹر ارسلان یوسف کی مبینہ ملی بھگت سے عالم چوک کوٹ اسحاق اور لدھیوالہ سٹی میں سینکڑوں کمرشل و رہائشی بلڈنگز بغیر نقشہ کے تعمیر ہو چکی ہیں اس حوالے سے شہریوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بلڈنگ انسپکٹر ارسلان یوسف علاقے میں زیر تعمیر کمرشل و رہائشی عمارتوں کے مالکان سے مبینہ طور پر بھاری رقم وصول کرتے ہیں جس کے بعد غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔
لوگوں نے بتایا کہ اگر عالم چوک سے لدھیوالہ حافظ آباد روڈ اور گلی محلوں میں کی جانے والی تعمیرات کی شفاف جانچ پڑتال کی جائے تو کروڑوں روپے کی سرکاری فیس اور جرمانے کی مد میں وصولی ممکن ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ لدھیوالہ عالم چوک کوٹ اسحاق میں پچھلے دو سال سے زیر تعمیر اور تعمیر مکمل ہونے والی کمرشل و رہائشی عمارتوں کے نقشہ جات کی اور سرکاری فیسوں کی ادائیگی کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والے بلڈنگ انسپکٹر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے ۔ دوسری جانب بلڈنگ انسپکٹر ارسلان یوسف سے موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے موقف دینے سے انکار کر دیا۔