کاروباری شخصیت کی جناز گاہ تعمیر کرانے کیلئے مشروط پیشکش
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )معروف بزنس مین سیٹھ ثنا اﷲ نے کہا ہے کہ۔۔۔
گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سے ملحق قبرستان کی جنازہ گاہ کی اراضی فراہم کرنے والے اشٹام پیپر پر لکھ کر دیں کہ وہ تعمیر میں مداخلت نہیں کریں گے تو جنازہ گاہ کی تعمیر کرنے کیلئے تیار ہوں۔ بتایا گیا ہے کہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سے ملحق قبرستان کی جنازہ گاہ کی عدم تعمیر سے جنازہ پڑھنے کے لیے آنے والوں کو درپیش مشکلات کی خبر روزنامہ دنیا میں شائع ہونے پر بزنس مین سیٹھ ثنا اﷲ نے کہا ہے کہ وہ کئی سال سے کہہ رہے ہیں کہ وہ عوامی فلاح کے اس منصوبے کے لئے بھر پور تعاون کے لئے تیار ہیں اس حوالے سے انہوں نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنازہ گاہ کی زمین کے معاملے پر اشٹام پیپر پر تحریری ضمانت دے دی جائے کہ اراضی فراہم کرنے والے جنازہ گاہ کی تعمیر میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کریں گے تو وہ اپنی مدد آپ کے تحت جنازہ گاہ کی تعمیر کرانے کے لئے تیار ہیں تاکہ اہل علاقہ کو جنازوں کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔ شہریوں نے سیٹھ ثنا اﷲ کی جانب سے جنازہ گاہ کی تعمیر کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔