کرایوں میں خود ساختہ اضافے پر جھگڑے مسافر پریشان
عید قریب آتے ہی پٹرول مہنگا ہونے کی آڑ میں مختلف روٹس پر ٹرانسپورٹرز‘ چنگ چی‘ آٹو رکشہ ڈرائیور مسافروں کو لوٹنے لگے ‘انتظامیہ تماشائی
سمبڑیال(سٹی رپورٹر)عید قریب آتے ہی پٹرول مہنگا ہونے کی آڑ میں سمبڑیال سے مختلف روٹس پر ٹرانسپورٹرز، چنگ چی، آٹو رکشہ ڈرائیوروں نے کرایوں میں من مانا اضافہ کرلیا، مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کے ہاتھوں پہلے سے پریشان عوام کیلئے کرایوں میں اضافے سے سفر کرنا محال ہو گیا ، سیالکوٹ وزیر آباد ، سمبڑیال ڈسکہ ، سیالکوٹ سمبڑیال اور سمبڑیال سے مضافاتی علاقوں میں چلنے والے چنگ چی رکشوں، آٹو رکشہ ڈرائیورز نے بھی مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا۔ زائد کرایوں کی وصولی کے تکرار پر ٹرانسپورٹرز اور شہریوں کے درمیان لڑائی جھگڑے روزانہ کا معمول بن گئے ۔ حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے اور عید قریب آنے کیساتھ ہی ٹرانسپورٹرز نے سمبڑیال سے مختلف روٹس پر کرایوں میں من مانا خود ساختہ اضافہ کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ۔ کرایوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے مقامی انتظامیہ من مانی سے بڑھائے کرایوں پر نوٹس لینے کے بجائے چشم پوشی سے کام لے رہی ہے ۔سمبڑیال سے مضافاتی علاقوں میں آنے جانے والے رکشہ ڈرائیوروں نے پٹرول کی قیمتوں کے بڑھنے کی آڑ میں دوگنا کرایہ وصول کرنا شروع کر رکھا ہے جس سے مسافر شدید پر یشان ہیں ۔کرایوں کا تعین نہ ہونے پر ٹرانسپورٹرز اور چنگ چی، آٹو رکشہ ڈرائیوروں اور شہریوں کے درمیان زائد کرایوں کی مانگ پر آپس میں تکرار، لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف،کمشنر نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔