حافظ آباد: دانش سکول کی سینکڑوں طالبات سرکاری کتب سے محروم

حافظ آباد: دانش سکول کی سینکڑوں طالبات سرکاری کتب سے محروم

ضلع میں تعداد کے اعتبار سے سب سے بڑا سکول نظرانداز،محکمہ تعلیم کے افسر صرف اپنے سکولوں میں کتابیں دے رہے : ذرائع ، طالبات ،والدین پریشان

حافظ آباد(نمائندہ دُنیا)محکمہ تعلیم حافظ آباد کے افسروں کی غفلت اور لاپرواہی سے 1800تعداد کا حامل گورنمنٹ سنٹر آف ایکسی لینس/دانش سکول کی سینکڑوں طالبات سرکاری کتابوں سے محروم، کتب نہ ملنے سے طالبات سخت پریشان، والدین سراپا احتجاج جو عام مارکیٹ سے مہنگی کتابیں خریدنے سے قاصر ہیں ۔ گورنمنٹ سنٹر آف ایکسی لینس /دانش سکول ضلع میں تعداد کے اعتبار سے سب سے بڑا سکول ہے لیکن محکمہ تعلیم حافظ آباد کے سی ای او اور دیگر متعلقہ افسروں کی جانبداری،بلاوجہ تاخیراور لاپرواہی سے ابھی تک سکول کی طالبات سرکاری کتابوں سے محروم ہیں۔تعلیمی سیشن شروع ہونے کے باوجود طالبات کو سرکاری کتب نہ ملنے سے انکا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے ۔طالبات کے والدین اور شہریوں کے مطابق ایک طرف تو حکومت مفت تعلیم اور سہولیات کے دعوے کر رہی ہے لیکن حافظ آباد میں محکمہ تعلیم کے افسر حکومتی پالیسیوں کو نقصان پہنچارہے ہیں ۔

کتب نہ ملنے سے سینکڑوں طالبات کا تعلیمی مستقبل بھی مخدوش ہوتا دیکھائی دے رہا ہے ۔اس سلسلہ میں سکول ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب اور دانش سکول اتھارٹی کی جانب سے سنٹر آف ایکسی لینس /دانش سکول حافظ آباد میں طالبات کے میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر داخلوں سے لیکر کمپیوٹر لیب،سائنس لیب اور جدید تعلیم کی تمام تر سہولیات دستیاب ہیں،ضلعی سطح پر محکمہ تعلیم کے افسر صرف اپنے سرکاری سکولوں میں کتابیں دے رہے ہیں جبکہ سب سے زیادہ تعداد والے سکول کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں