پٹرول قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، عوام میں شدید غصہ
علی پورچٹھہ کے مختلف بازاروں، چوکوں اور عوامی مقامات پر شدید تنقید
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر) ملک میں جاری معاشی دباؤ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد علی پورچٹھہ میں شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ عوامی حلقوں نے حکومت کے اقدام کو پٹرول بم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے مہنگے ترین پٹرول فروخت کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہو گیا ہے ۔ علی پورچٹھہ کے مختلف بازاروں، چوکوں اور عوامی مقامات پر شہریوں نے اس فیصلے کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی۔شہریوں کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ نہیں ہوا جتنا مقامی سطح پر کیا گیا، اور حالیہ دنوں میں تیل سے لدے جہاز پاکستان پہنچنے کے باوجود قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ عوامی رائے کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف پٹرول مافیا اور ذخیرہ اندوز عناصر کو فائدہ ہوا بلکہ عام آدمی کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے ،ماہرین اور شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گا، جس سے مہنگائی کا نیا طوفان جنم لے سکتا ہے ۔ عوام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر صورتحال یوں ہی برقرار رہی تو معاشرے میں بھوک، افلاس اور بے چینی میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر فوری نظرثانی کی جائے ۔