این اے 78میں اربوں کے سیوریج منصوبوں کا آغاز
یوسی 70میں دیرینہ مسائل حل ہوں گے : خرم دستگیر ،حاجی وقار احمد چیمہ
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان اور سابق ایم پی اے حاجی وقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور حلقہ کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ میں واسا کے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے جبکہ یونین کونسل 70 رکھ کیکرانوالی میں سیوریج لائن منصوبے کی تکمیل سے مکینوں کو دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر حلقہ این اے 78 میں اربوں روپے کی لاگت سے سیوریج منصوبوں کا آغاز ہو چکا ہے اور تمام منصوبے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) ہی واحد جماعت ہے جس نے اقتدار میں آ کر ہمیشہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل 70 رکھ کیکرانوالی میں سیوریج منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔