گجرات:پہلی سالانہ 3روزہ ویمن صنعتی نمائش کا افتتاح
صوبائی وزیر صنعت و تجارت کامختلف سٹالز کا معائنہ ‘خواتین کے بغیرترقی ناممکن ‘گجرات میں بھی ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر قائم کیا جا رہا :چودھری شافع حسین
گجرات(سٹی رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک گجرات میں پہلی سالانہ تین روزہ ویمن صنعتی نمائش کا افتتاح کر دیا۔یہ نمائش ویمن چیمبر آف کامرس گجرات اور ایوانِ صنعت و تجارت گجرات کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی۔ صوبائی وزیر نے نمائش میں قائم مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور خواتین کی جانب سے تیار کردہ مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی، صدر ویمن چیمبر صائمہ سرفراز، وقار بٹ اور صدر پاکستان مسلم لیگ (گجرات سٹی) علی ابرار جوڑا بھی ان کے ہمراہ تھے ۔صوبائی وزیر شافع حسین نے کہا کہ گجرات میں پہلی بار ویمن چیمبر کے زیر اہتمام اس نوعیت کی شاندار صنعتی نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خواتین باصلاحیت ہیں اور ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔ خواتین ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کیے بغیر قومی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خواتین کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہیں اور لاہور کے بعد گجرات میں بھی ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر قائم کیا جا رہا ہے ، جبکہ ملتان، راولپنڈی، رحیم یار خان اور دیگر شہروں میں بھی ایسے مراکز بنائے جائیں گے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ چودھری شجاعت نے ہمیشہ عوامی خدمت اور رواداری کی سیاست کو فروغ دیا، اور ہم اسی وژن کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ گجرات میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور شہر کی ترقی کا نقشہ تبدیل کیا جائیگا۔