ہتھکنڈوں سے پی ٹی آ ئی ووٹ ختم نہیں ہوسکتے :ریحانہ ڈار

ہتھکنڈوں سے پی ٹی آ ئی ووٹ ختم نہیں ہوسکتے :ریحانہ ڈار

بلدیاتی حلقہ بندیوں پر تحفظات اور اعتراضات کیلئے قانونی اور سیاسی کمیٹی بنا دی

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تحریک انصاف کی سینئر رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کیلئے کی گئی حالیہ حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حلقہ بندیوں کا مقصد عمران خان کے ووٹ کو کمزور کرنا ہے ، تاہم حقیقت یہ ہے کہ عمران خان کا ووٹ ہر گھر، ہر وارڈ اور ہر یونین کونسل میں موجود ہے جسے کسی بھی سیاسی ہتھکنڈے سے ختم نہیں کیا جا سکتا، کارکنوں کے تحفظات اور اعتراضات کے پیش نظر قانونی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ، جس کی سربراہی بیرسٹر جمشید غیاث کریں گے جبکہ خواجہ احمد عمائد، عارف نواز بھٹی اور حسن علی مغل بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔اسی طرح کارکنوں سے رابطے اور ان کے اعتراضات جمع کرنے کیلئے سیاسی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس کی ذمہ داری صدر سٹی میاں اعجاز جاوید، جنرل سیکرٹری چودھری محمد الطاف، میاں علی شمس اور میاں سرمد حنیف ادا کریں گے ۔ ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا کہ سائفر کے ذریعے رجیم چینج کرکے عمران خان کو ہٹانے کے 4 سال بعد بھی ہر احتجاجی کال پر قیدی وینیں، لاٹھیاں اٹھائے اہلکار، گھروں اور دفتروں کی چادر و چار دیواری پامال کرنے ، گرفتاریاں کرنے اور ظلم و جبر ڈھانے پہنچ جاتے ہیں ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرکے ، خواتین کو ہراساں کرکے اور گھروں کو جیل بنا کر شاید یہ سمجھا جا رہا ہے کہ آوازیں دب جائیں گی مگر تاریخ گواہ ہے کہ ظلم جتنا بڑھتا ہے ، مزاحمت اتنی ہی مضبوط ہوتی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں