لدھیوالہ وڑائچ:صفائی ستھرائی کے بل ملنے پر تاجروں کا احتجاج
پہلے ٹیکس دے رہے ،مہنگائی سے کاروبار ٹھپ ، معاشی دبائو قبول نہیں :متاثرین
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار، نمائندہ خصوصی)حکومت کو سالانہ لاکھوں روپے ٹیکس دینے والے تاجروں کو سینی ٹیشن (صفائی ) کے بل بھیجے جانے پر تاجر پھٹ پڑے ، پہلے ہی بے شمار ٹیکس دینے کے باوجود بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ۔بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے عالم چوک ،لدھیوالہ کوٹ اسحاق کے تاجروں کو سینی ٹیشن (صفائی ) کے بل بھیج د ئیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے تاجروں حاجی لیاقت ،محمد سفیان ،صفدر مغل نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہم سے ایک طرف بجلی ،گیس،سیلز ٹیکس،انکم ٹیکس اور دیگر محصولات کی مد میں سالانہ لاکھوں روپے وصول کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب صفائی کے نام پر الگ سے بل بھیج کر کاروباری طبقے پر مزید مالی بوجھ ڈال دیا گیا ہے ۔تاجروں کا کہنا تھا کہ صفائی کے حوالے سے گلی محلوں کی صورتحال تسلی بخش نہیں، جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیرموجود ہیں سیوریج کے مسائل جوں کے توں ہیں جب سینی ٹیشن کا کام ہی تسلی بخش نہیں ہو رہا تو ہم بل کیوں ادا کریں ۔تاجروں نے سوال کیا ہے کہ حکومت تاجروں اور شہریوں کو کون سی اضافی سہولت فراہم کر رہی ہے جس کے بدلے یہ نئے بل بھیجے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں اور دوسری جانب حکومت کی جانب سے معاشی دبائوڈالا جا رہا ہے جو ہمارے لئے قابل قبول نہیں ۔