نتھو سویا تا منج والی 7کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کا آغاز
10کروڑ روپے سے زائد لاگت آ ئیگی ،دیہی ترقی،کسان خوشحال ہو گا :مدثر نا ہرا
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )نتھو سویا سے منج والی براستہ فتحکی 7کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا جس پر 10کروڑ روپے سے زائد لاگت آئیگی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے رہنما حاجی مدثر قیوم ناہرا سابق رکن قومی اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت دیہی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے نہایت اہم ہے جبکہ سابق دور حکومت میں نوشہرہ ورکاں اور گردونواح کی مرکزی اور رابطہ سڑکوں کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ۔ اب مرکزی شاہراہوں کے علاؤہ تحصیل کے اہم دیہات کو بھی کارپٹ روڈز کے ذریعے آپس میں منسلک کیا جا رہا ہے۔عرفان بشیر گجر ایم پی اے نے کہا کہ سڑک کی تعمیر سے علاقے کے دیہات کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور کسانوں کو زرعی اجناس منڈیوں تک پہنچانے میں آسانی ہو گی ۔