میگا سیوریج درستگی منصوبے پر 80فیصد ترقیاتی کام مکمل
مون سون سے قبل منصوبے کے اہم حصوں کو فعال بنایا جائے :سیکرٹری ہائوسنگ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت گوجرانوالہ میں میگا سیوریج درستگی منصوبے پر مجموعی طور پر 80 فیصد ترقیاتی کام مکمل کر لیا گیا ، 30ارب روپے کا منصوبہ شہر کے سیوریج نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شہریوں کو بہتر نکاسی آب کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے شروع کیا گیا ہے ۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی سائٹس کا معائنہ کرتے ہوئے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی ہمراہ تھے جبکہ ایم ڈی واسا گوجرانوالہ احد ڈوگر نے منصوبے کے مختلف مراحل اور پیش رفت پر بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت 3.3ارب روپے لاگت کا ایک انتہائی اہم حصہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ مون سون سیزن سے قبل شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے اور نکاسی آب کے مسائل پر قابو پایا جا سکے ۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سرگرمیاں مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائیں اور مون سون کے آغاز سے قبل منصوبے کے اہم حصوں کو فعال بنایا جائے ۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق گوجرانوالہ کا یہ میگا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد شہر کے سیوریج نظام میں نمایاں بہتری آئیگی‘ اربن فلڈنگ کے مسائل میں کمی ہوگی اور شہریوں کو بہتر اور پائیدار شہری سہولیات میسر آئیں گی۔