وزیرآباد:بریک فیل ٹرالے کی ٹکر ،نوجوان جاں بحق
موٹر سائیکل سوار 22سالہ شیراز موقع پر دم توڑ گیا، عامر اور 17سالہ بیٹی زخمی
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )بریک فیل ٹرالے کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، باپ بیٹی زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق سیمنٹ سے بھرا ٹرالہ سیالکوٹ روڈ پر سفر کر رہا تھا کہ حاجی پورہ چوک کے قریب بریک فیل ہو گئے ، بے قابو ہونے والا ٹرالہ پہلے ایک ٹرک سے ٹکرایا اور بعد ازاں موٹر سائیکل کو لپیٹ میں لے لیا۔حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 22 سالہ شیراز احمد رحمانی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ عامر شہزاد اور اس کی 17 سالہ بیٹی الماس شدید زخمی ہو گئے ۔سڑک کنارے کھڑے بوتلیں اتارتے ہوئے نجی ایجنسی کی گاڑی کو بھی ٹرالے کے ٹکر سے شدید نقصان پہنچا اور کولڈ ڈرنکس برباد ہو گئی ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے ٹرالے کو تحویل میں لے لیا ۔