محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس

محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس

شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ڈی پی او کامران عامر خان

پھالیہ (نامہ نگار )ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کامران عامر خان کی زیر صدارت محرم الحرام کے پرامن انعقاد، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، مختلف مکاتبِ فکر کے جید علماء کرام، تاجر برادری کے نمائندگان، امن کمیٹی کے اراکین اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی، ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ پرغور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے ضلع میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور بھائی چارے کی فضا کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر ڈی پی او کامران عامر خان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ علما کرام، امن کمیٹی کے اراکین، تاجر برادری اور شہریوں کا تعاون ہی پرامن ماحول کے قیام کی ضمانت ہے ۔ شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، انہوں نے کہا کہ رواداری، برداشت، باہمی احترام اور اتحاد و یگانگت کے فروغ کے لیے تمام طبقات اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ڈی پی او نے بتایا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور مجالس و جلوسوں کی نگرانی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں