موسمیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کیلئے بڑا چیلنج :عباس ذوالقرنین
درختوں کا تحفظ اور شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے :اے ڈی سی آر سیالکوٹ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا، ڈسٹرکٹ رپورٹر )عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین کی زیرِ صدارت آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں محکمہ تحفظ ماحولیات، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے )، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ کے افسر وں و اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین نے کہا کہ عالمی یومِ ماحولیات منانے کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری اور قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کیلئے بڑا چیلنج بن چکی ہیں اور ان کے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ درختوں کا تحفظ اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ہر شہری اگر اپنے حصے کا ایک درخت بھی لگائے اور اس کی نگہداشت کرے تو ماحول کو بہتر بنانے اور آلودگی میں کمی لانے میں نمایاں مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ صاف ستھرے اور سرسبز ماحول کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات جوہر عباس، ڈائریکٹر پی ایچ اے محبوب الٰہی کھر، انسپکٹر ماحولیات شاہد ڈوگر، ریسکیو 1122کے افسران و اہلکاروں، محکمہ تحفظ ماحولیات کے عملے اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔