ماس ٹرانزٹ کوریڈور ترقی میں اہم کردار ادا کریگا :کمشنر
منصوبے کی تکمیل کے تمام مراحل کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق آگے بڑھایا جائے
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے کہا ہے کہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ماس ٹرانزٹ کاریڈور کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی موجود تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر ریونیو نعمان حفیظ ،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیٹر خالد ارشد مرزا ،اے سی جی محمد عامر ،اے سی آر محمد فرقان ،اے سی سٹی اشعر جمیل ،ایم ڈی واسا احد ڈوگر ،ڈی جی پی ایچ اے شاہد عباس جوتہ ،نیسپاک،واپڈا،سوئی گیس،ہائی ویز، جنگلات ،ٹیلی فون و دیگر متعلقہ محکموں کے افسر شریک تھے ۔کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل کے تمام مراحل کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق آگے بڑھایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق شہریوں کو جدید ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ کاریڈور کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی، ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔