صدر گجرات چیمبر نے آسان ٹیکس سکیم کو خوش آ ئند قراردیدیا
ٹیکس ریٹ کم ، نظام سادہ ہوتو لاکھوں تاجر رضاکارانہ طو رپر شامل ہونگے :احمد حسن
گجرات (سٹی رپورٹر )صدر گجرات چیمبر آف کامرس احمد حسن مٹو نے تاجروں کیلئے آسان ٹیکس سکیم کے اقدام کو خوش آئند قرار دے دیا ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ پیچیدہ ٹیکس نظام، متعدد وفاقی و صوبائی ٹیکسوں، بار بار کی دستاویزی تقاضوں اور مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے درپیش مشکلات کے باعث چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجر شدید مسائل کا سامنا کر رہے ہیں ، ایسے حالات میں ایک آسان، شفاف، کم لاگت اور قابلِ عمل ٹیکس نظام کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔احمد حسن نے کہا کہ اگر ٹیکس ریٹس کو مناسب سطح پر رکھا جائے اور ٹیکس نظام کو سادہ اور قابلِ فہم بنایا جائے تو لاکھوں تاجر رضاکارانہ طور پر ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کو ترجیح دیں گے ، اس سے نہ صرف ریٹرن فائلنگ میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ حکومتی محصولات میں بھی خاطر خواہ بہتری آئے گی۔