اکال گڑھ لیڈیز پارک بنیادی سہولیات سے محروم
پانی نہ سٹریٹ لائٹس ،واش رومز کی عدم موجودگی بڑا مسئلہ،کوڑے کے ڈھیر
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر)اکال گڑھ لیڈیز پارک2سال بعد بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ اکال گڑھ لیڈیز پارک کا افتتاح 10 جنوری 2024 کو اُس وقت کے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض حسین موہل اور اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد محمد سلیم آسی نے کیا تھا۔ افتتاحی تقریب کے دوران اس پارک کو خواتین اور بچوں کیلئے محفوظ اور معیاری تفریحی مقام قرار دیا گیا تھا تاہم 2سال گزرنے کے باوجود پارک میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی نہ بنائی جا سکی۔ شہریوں کے مطابق پارک میں ٹف ٹائلز اور چند بینچز کی تنصیب کے علاوہ کوئی قابل ذکر ترقیاتی کام نظر نہیں آتا، شام ڈھلتے ہی پارک اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے کیونکہ روشنی کے لیے مناسب لائٹس کا انتظام موجود نہیں۔
اندھیرے کے باعث خواتین اور بچوں کی پارک آمد محدود ہو کر رہ گئی جبکہ سکیورٹی کے حوالے سے بھی خدشات جنم لے رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پارک میں پینے کے صاف پانی کی سہولت موجود نہیں ،واش رومز کی عدم دستیابی بھی بڑا مسئلہ بن چکی ہے ، پارک کے مختلف حصوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر معمول بن چکے ہیں۔ شہریوں نے پارک میں فوری بنیادی سہو لیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔