سیالکوٹ:سفر محفوظ بنانے کیلئے رکشوں میں پینک بٹن نصب
ایمرجنسی کی صورت میں کیو آر کوڈ سے متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع دی جا سکے گی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )رکشوں میں جدید سکیورٹی نظام کا آغاز ، محفوظ پنجاب کے تحت سیف سٹی سیالکوٹ نے عوامی سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے رکشہ نمبر ایس ٹی یو 20-787 پر پہلا QR پینک بٹن کامیابی سے نصب اور فعال کر دیا۔سیف سٹی حکام کے مطابق یہ جدید سکیورٹی سہولت مسافروں کو ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرنے اور مدد حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرے گی۔ QR پینک بٹن کے ذریعے کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع دی جا سکے گی جس سے بروقت کارروائی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
ڈی ایس پی ٹریفک سٹی مبشر قادر کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد عوامی ٹرانسپورٹ کو محفوظ بنانا اور شہریوں میں احساسِ تحفظ کو فروغ دینا ہے ، مستقبل میں مزید رکشوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں بھی یہ جدید سکیورٹی نظام نصب کیا جائے گا۔سیف سٹی سیالکوٹ کے اقدام کو شہریوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم کی روک تھام اور عوام کی حفاظت میں نمایاں بہتری آئے گی۔