ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید کرنل امجد لطیف کی نماز جنازہ
کمشنر،ڈپٹی کمشنرکی بھی شرکت،رقت آمیز مناظر، سپرد خاک کردیاگیا
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) مظفرآباد میں پیش آنیوالے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونیوالے کرنل امجد لطیف کی نماز جنازہ انتہائی رقت آمیز ماحول میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی، آر پی او خرم شہزاد، ڈپٹی کمشنر نوید احمد سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، سیاسی و سماجی شخصیات، شہید کے عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر شہید کی وطن کے لیے خدمات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی سلامتی کے لیے قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکاء نے شہید کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل اور ملک کی سلامتی کیلئے دعا کی۔کمشنر محمد علی اور آر پی او خرم شہزاد نے شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے افسران اور جوان ملکی دفاع کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔اختتام پر نماز جنازہ کے بعد شہید کرنل امجد لطیف کو مکمل سرکاری و عسکری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔