ڈینگی سے تحفظ کیلئے سرکاری وبجی مقامات پر سخت نگرانی،خلاف ورزی پر مقدمات درج کرنے کا حکم
سرکاری محکموں کے دفاتر، چھتوں، گملوں، ائیر کولرز، فریج، کباڑ خانوں، قبرستانوں، سرامکس انڈسٹریز اور ٹائر شاپس سمیت تمام ممکنہ مقامات کی باقاعدہ چیکنگ اور مکینیکل سوئپنگ کی جائے ، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی: ڈپٹی کمشنر
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) موسم کی تبدیلی کے پیش نظر ڈینگی مچھر سے تحفظ کے لیے بروقت سرویلنس آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ہاٹ سپاٹ مقامات کی صفائی کے ذریعے مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے ۔پچھلے سال جن مقامات پر لاروا برآمد ہوا تھا، ان پر کڑی نگرانی اور مسلسل سرویلنس کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ڈینگی وائرس کی افزائش کو مکمل طور پر روکا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی پر مؤثر کنٹرول وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
لہٰذا تمام محکمے اپنی سرگرمیوں کو تیز کریں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کے خلاف کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر انسداد ڈینگی سرگرمیاں جاری رکھیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری محکموں کے دفاتر، چھتوں، گملوں، ائیر کولرز، فریج، کباڑ خانوں، قبرستانوں، سرامکس انڈسٹریز اور ٹائر شاپس سمیت تمام ممکنہ مقامات کی باقاعدہ چیکنگ اور مکینیکل سوئپنگ کی جائے ، جبکہ ضرورت پڑنے پر فوری سپرے کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف انسداد ڈینگی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے ۔