دودھ فروشوں کا قیمتوں میں کمی کرنے سے صاف انکار

دودھ فروشوں کا قیمتوں میں کمی کرنے سے صاف انکار

شہر بھر میں دودھ 250، دہی 290روپے کلو فروخت ، شہریوں کو مشکلات

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائیوں کے باوجود گوجرانوالہ شہر اور گردونواح میں دودھ فروشوں نے قیمتوں میں کمی کرنے سے صاف انکار کر دیا جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ، شہر بھر میں دودھ 250 روپے فی کلو گرام جبکہ دہی 290روپے فی کلو گرام کے حساب سے مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے جس پر دودھ کی خریداری کیلئے آنے والے شہریوں اور دکانداروں کے درمیان آئے روز شدید بحث و مباحثہ اور تلخ کلامی معمول بن چکی ہے ۔ گوجرانوالہ میں دودھ فروشوں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان سرکاری قیمتوں کے تعین پر طویل عرصے سے ڈیڈلاک برقرار ہے ، اسی تنازع کی وجہ سے دودھ فروشوں نے گزشتہ دنوں دو روزہ ہڑتال بھی کی تھی جس کے باعث شہر بھر میں دودھ کی سپلائی شدید متاثر رہی تاہم ہڑتال ختم ہونے کے باوجود دودھ فروشوں کے رویے میں کوئی لچک نہیں آئی اور انہوں نے قیمتوں میں کمی نہیں کی بلکہ اپنے من مانے نرخوں پر ہی فروخت جاری رکھی ہوئی ہے ۔ اگرچہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گرانفروش دودھ فروشوں کی لسٹیں بھی تیار کی گئی تھیں اور یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے لیکن دودھ فروش کسی بھی خوف کے بغیر کھلے عام خود ساختہ ریٹ وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ منافع خور اور قانون شکن دودھ فروشوں کو نکیل ڈالی جائے اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنا کر عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں