عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنا ہونگے :ڈی سی حافظ آباد
جن محکموں اور افسر وں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہو گی انہیں جوابدہ ہونا پڑے گا
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کاکہنا ہے کہ چیف منسٹرپبلک انشیٹیو پر 100فیصد عملدرآمد،میونسپل سروسز،ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہتر سہولیات سمیت دیگر عوامی، فلاحی اقدامات اور محکموں کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا ہر محکمے کے افسر و ملازمین کی اولین ترجیح ہونا چاہیے تاکہ عوام کو حکومت کے فلاحی کاموں کا براہ راست فائدہ پہنچے ،عوا م کو حقیقی معنوں میں ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ،تمام ضلعی افسر وں کو خود فیلڈ میں جا کر نہ صرف محکموں کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے بلکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے بھی عملی اقدامات کرنا ہونگے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف محکموں کے ضلعی افسر وں کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام افسر وں پر واضح کیا کہ زبانی یا کاغذی کارروائیوں کے بجائے افسر وں کو اپنے اپنے محکموں کے ٹارگٹس اور چیف منسٹر پبلک انشیٹیو کے تحت اقدامات کرنا ہو نگے اور جن محکموں اور افسر وں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہو گی توانہیں خود جوابدہ ہونا پڑے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو ہسپتا ل کی مجموعی صورتحال کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے۔ تا کہ علاج معالجہ کیلئے آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔