وقفے وقفے سے بارش جاری ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع

وقفے وقفے سے بارش جاری ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع

حیدری انڈر پاس سے پانی گھنٹوں بعد بھی نہ نکالا جا سکا، آمدورفت متاثر

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)ضلع میں مون سون بارشوں کے دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ موسلادھار بارش سے شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔گوجرانوالہ میں دوسرے روز بھی سیاہ بادلوں کا راج برقرار رہا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی پھوار اور کہیں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ ساون کے زور دار سپیل نے موسم کو خوشگوار بنا دیا تاہم گزشتہ روز ہونے والی ریکارڈ بارش کے اثرات تاحال ختم نہ ہو سکے۔

پیر اور منگل کے روز ہونے والی موسلادھار بارش نے شہر کو جل تھل ایک کر دیا تھا جس کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے تھے ۔ دو روز گزرنے کے باوجود کئی علاقوں سے بارش کا پانی مکمل طور پر نکالا نہ جا سکا اور متعدد مقامات پر پانی اب بھی جمع ہے ۔حیدری انڈر پاس میں کھڑا بارش کا پانی کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود نہ نکالا جا سکا جس کے باعث آمدورفت متاثر رہی۔ حافظ آباد روڈ پر جمع پانی بھی شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے ۔سٹیلائٹ ٹاؤن سمیت شہر کے پوش علاقوں میں بھی گزشتہ روز سے کھڑا پانی مکمل طور پر صاف نہ کیا جا سکا۔ پارکوں، تفریحی مقامات اور متعدد سرکاری عمارتوں میں بھی کئی فٹ تک پانی جمع ہے جبکہ اندرون شہر کی گلیاں اور محلے بدستور زیر آب ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...