ملکوال : طوفانی ہوائوں سے درخت، کھمبے گرگئے، بجلی بند
ریلوے کالونی ، سکول روڈ اور دیگر علاقوں میں تار ٹوٹ گئے ، ٹریفک بھی متاثر
ملکوال(نمائندہ دنیا )ملکوال شہر، بوسال اور نواحی علاقوں میں طوفانی ہواؤں اور تیز بارش کے باعث کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، بجلی کے پولز گرنے سے بجلی کا نظام شدید متاثر رہا۔ ملکوال شہر اور بوسال سمیت کئی علاقوں میں طوفانی ہواؤں اور بارش نے تباہی مچا دی۔ تیز ہواؤں کی شدت سے ریلوے کالونی سکول روڈ سمیت ریلوے لائن کے ساتھ، سڑکوں اور گلیوں میں سالہا سال پرانے درخت جڑوں سے اکھڑ کر سڑکوں پر آ گر ے ۔ ریلوے کالونی ملکوال سکول روڈ پر درخت گرنے سے بجلی کے تار اور پولز ٹوٹ گئے ٹرانسفارمر بھی گر گیا اور متعدد الیکٹرک پولز کو نقصان پہنچا جس کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔
سڑکوں پر درخت گرنے کے باعث موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی ۔ شہریوں نے انتظامہ اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں سے درختوں کو ہٹا کر راستے فوری بحال کئے جائیں اور بجلی کی فراہمی کو بلا تاخیر ممکن بنایا جائے ۔ گیپکو انتظامیہ نے ساری رات بجلی بحالی کیلئے کام کیا جس سے شہر کے کئی علاقوں کی بجلی صبح 4بجے بحال کر دی گئی تاہم ریلوے کالونی سمیت کئی علاقوں میں درخت اور پولز گرنے سے بجلی بحال نہ ہوسکی ۔ دوسری جانب ریلوے انتظامیہ نے بھی ریلوے کالونی میں گرنے والے درختوں کو ہٹانے کیلئے کام شروع کر دیا ۔ ذرائع کیمطابق ریلوے کالونی کی بجلی بحال ہونے میں چند روز لگ سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments