انڈسٹریل پارک سے ماحولیاتی آلود گی کم ہو گی :علی ہمایوں
صنعت وتجارت کی ترقی ، مسائل کے حل کیلئے کئی اقدامات کئے :دنیا سے گفتگو
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر ) گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی ہمایوں بٹ نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا دورِ صدارت مقامی صنعت و تجارت کی ترقی کا اہم باب رہا جس میں تاجر برادری کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے گئے ۔سب سے بڑا اور اہم منصوبہ جس کی گوجرانوالہ شہر کو ضرورت تھی ۔میٹل پروسیسنگ زون اور گوجرانوالہ انڈسٹریل پارک کی منظوری عمل میں لائی گئی جس سے شہر ماحولیاتی آلودگی سے پاک ہوگا، ڈرائی پورٹ کی جگہ فائنل کی گئی جو جلد برآمدات میں اہم کردار ادا کرے گی۔علی ہمایوں بٹ نے کہا کہ چیمبر میں ازبکستان ویزا اینڈ ٹریڈ سہولت سینٹر فعال کیا گیا۔ 20 رکنی صنعتی وفد نے پرتگال کی عالمی نمائش میں شرکت کی جبکہ متعدد غیر ملکی سفیروں نے چیمبر کا دورہ کیا۔نادرا، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور پولیس خدمت مرکز کے کاؤنٹرز چیمبر میں قائم کئے گئے ۔ نئے تاجروں کیلئے ای بز کاؤنٹر بنایا گیا جہاں 30 سے زائد سرکاری محکموں کی این او سیز ایک چھت تلے دستیاب ہوں گی۔علی ہمایوں بٹ کا کہنا ہے کہ شیرانوالہ باغ لائبریری میں جدید انکوبیشن سینٹر کا قیام عمل میں آیا جبکہ وویمن چیمبر آف کامرس کے عمل کو مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 19اور 21 ستمبر کو ہونے والے چیمبر کے الیکشن میں ہمارے گروپ کو کامیاب کرائیں تاکہ تاجروں کیلئے مزید اقدامات کئے جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments