ٹریفک پو لیس کی جانب سے گاڑیاں اٹھانے پر احتجاج
بازاروں میں پارکنگ کیلئے مختص جگہ پربھی پرائیویٹ لفٹر کے ذریعے کارروائیاں
حافظ آباد (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )ٹریفک پولیس کے لفٹر آپریشن کے حوالے سے شہریوں کی شکایات روز بروز بڑھنے لگیں۔خریداری کیلئے آنے والے افراد کی جانب سے پارکنگ کیلئے مختص مقامات پر کھڑی کی جانے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی بعض اوقات ٹریفک پولیس کا عملہ پرائیویٹ لفٹر کے ذریعے اٹھوا لیتا ہے جس کے بعد مبینہ طور پر کم از کم 2 ہزار روپے جرمانہ وصول کرکے گاڑیاں واپس کی جاتی ہیں۔شہریوں کے مطابق مختلف بازاروں میں خریداری کیلئے آنے والے افراد اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں دستیاب پارکنگ مقامات پر کھڑی کرتے ہیں تاہم بعض اوقات پارکنگ کے باوجود ان کی گاڑیاں لفٹر کے ذریعے اُٹھا لی جاتی ہیں۔ شہریوں نے پرائیویٹ لفٹر کے استعمال، گاڑیاں اٹھانے کے معیار اور جرمانوں کی وصولی کے طریقہ کار میں شفافیت یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی ضرور کی جائے ، تاہم پارکنگ کیلئے مختص مقامات پر کھڑی گاڑیوں کے خلاف بلاجواز کارروائی سے گریز کیا جائے ۔دوسری جانب ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لفٹر آپریشن کا مقصد ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا، غیر قانونی پارکنگ اور سڑکوں پر رکاوٹیں پیدا کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے ۔ پولیس کے مطابق کارروائی ٹریفک قوانین اور مقررہ ضابطہ کار کے تحت کی جاتی ہے ، جبکہ جرمانے بھی قانون کے مطابق عائد کیے جاتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments