اینٹی کرپشن کے چھاپے، محکمہ مال کے افسر و عملہ دفاتر سے غائب، کام ٹھپ، شہری خوار
رجسٹری، فرد اور انتقالِ وراثت سمیت تمام اہم دفتری اور قانونی امور معطل ،لدھیوالہ پٹوار سرکل دفتر پر 15 روز سے تالا ،نئے پٹواری نے بھی تبادلہ کرالیا ،جائیداروں کی خرید وفروخت متاثر
گوجرانوالہ ،لدھیوالہ وڑائچ، عالم چوک (نیوز رپورٹر ،نامہ نگار ،نمائندہ خصوصی)محکمہ مال میں اینٹی کرپشن کی کارروائیوں اور چھاپوں کے خوف سے افسر اور عملہ دفاتر سے غائب رہنے لگا جس کے باعث رجسٹری، فرد اور انتقالِ وراثت سمیت تمام اہم دفتری اور قانونی امور معطل ہو کر رہ گئے ،افسر وں کی عدم موجودگی کے با عث سائلین خوار ہونے لگے ۔تفصیلات کے مطابق تحصیلدار، نائب تحصیلدار، قانون گو اور پٹواری غائب ہیں اوردفاتر میں سناٹا ہے۔
لدھیوالہ وڑائچ پٹوار سرکل کا دفتر 15روز سے بند اور دروازے پر تالا لٹک رہا ہے ،چند روز قبل لدھیوالہ میں نئے پٹواری شیخ عثمان اعظم کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی تاہم انہوں نے چارج سنبھالنے سے گریز کیا اور بعدازاں تبادلہ بھی کرا لیا۔زمینوں اور جائیدادوں کی خرید و فروخت کا تمام عمل ٹھپ ہو جانے کی وجہ سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں بلکہ وراثت کے انتقال رکنے سے درجنوں خاندان شدید مالی و قانونی پیچیدگیوں میں گھِر چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے حکام کارروائیوں کے با عث دفاتر میں روزمرہ کے امور متاثر ہونے کا نوٹس لیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments