کانسٹیبل تشدد کیس، 26 ملزموں کا 11 روزہ جسمانی ریمانڈ
واقعہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی وزیرآباد آمد پر پیش آیا ،خصوصی عدالت میں سماعت
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی وزیرآباد آمد کے موقع پر پولیس کانسٹیبل پر تشدد اور اغوا سمیت دیگر سنگین دفعات کا مقدمہ ، انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پولیس کانسٹیبل مقدس چیمہ کے اغوا کے الزام میں گرفتار26ملزموں سے تفتیش کیلئے 11 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا ، مقدمہ 16 ستمبر کو تھانہ صدر وزیرآباد میں 7 اے ٹی اے سمیت تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت کے تحت درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے انتہائی سخت سکیورٹی میں محمد احمد رضا محمد الیاس ،محمد رضوان،محمد رفیق اور متین اکرم سمیت 26 ملزموں کو ہتھکڑیاں لگا کر خصوصی عدالت کے جج محسن علی کے روبرو پیش کیا اور ملزموں سے تفتیش، وقوعہ میں استعمال ہونے والے ڈنڈوں ،پلے کارڈز، پارٹی جھنڈوں، پولیس کانسٹیبل سے چھینا گیا وائرلیس سیٹ اور 9700 روپے کی برآمدگی کیلئے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی۔ فاضل جج کے روبرو ملزموں کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل د ئیے کہ ملزم بے قصور ہیں، سیاسی عداوت کی وجہ سے جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا، عدالت نے ملزموں سے تفتیش اور برآمدگی کیلئے 11 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا ۔ملزموں کا تعلق خیبر پختون خوا ، وزیر آباد، لاہور اور دیگر شہروں سے بتایا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments