لدھیوالہ وڑائچ میں 900 جعلی انتقال : خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان

لدھیوالہ وڑائچ میں 900 جعلی انتقال : خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان

2 سالہ ریکارڈ میں 4987 انتقالات کی چھان بین ،4 تحصیلدار اور 2 پٹواری ملوث ،1500 خاندان متاثر ، متاثرین کی دادرسی کی جائیگی :ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن

گوجرانوالہ،لدھیوالہ وڑائچ (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار)لدھے والا وڑائچ میں 900 جعلی انتقالات کا انکشاف ہوا ہے ،1500 سے زائد خاندان متاثر ہونے کا خدشہ ہے ،سرکاری خزانے کو 12 کروڑ روپے کے قریب نقصان، 2 پٹواریوں اور 4تحصیلداروں کے نام سامنے آگئے ، اینٹی کرپشن میں تحقیقات جاری ہیں۔ موضع لدھے والا وڑائچ میں ریونیو ریکارڈ کی 2 سال کے عرصہ کی جانچ پڑتال کے دوران تقریباً 900 جعلی انتقالات کا انکشاف ہوا ہے جس کے باعث 1500 سے زائد خاندانوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مبینہ جعلسازی سے سرکاری خزانے کو تقریباً 12 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن امجد شہزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 2سال کے ریونیو ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران مجموعی طور پر 4 ہزار 987 انتقالات کی چھان بین کی گئی جن میں سے تقریباً 900 انتقالات جعلی پائے گئے ہیں، ابتدائی تحقیقات میں ریونیو عملے کے بعض افسر اور اہلکاروں کی جانب سے سرکاری دستاویزات میں مبینہ ردوبدل کی گئی ، جعلسازی کے طریقہ کار سے متعلق بتایا گیا کہ رجسٹری ایک موضع کی ہوتی تھی جبکہ اس پر مبینہ طور پر اسٹامپ پیپر لگا کر دستاویزات میں ٹمپرنگ کی جاتی اور بعدازاں انتقال درج کر ا دیا جاتا تھا۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے مطابق غیر قانونی کارروائی میں اب تک دو پٹواریوں اور چار تحصیلداروں کے نام سامنے آئے ہیں جن میں پٹواری بلال بٹ اور مصطفی مان جبکہ تحصیلدار سرفراز احمد چیمہ، الطاف حسین تارڑ، ارشد ڈھلوں اور امتیاز احمد ساہی شامل ہیں۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ جعلی انتقالات کے ذریعے ہونے والی مبینہ جعلسازی اور سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا تعین کیا جا رہا ہے جبکہ نیٹ ورک میں شامل تمام سرکاری اور پرائیویٹ افراد کو بھی گرفتار کیا جائیگا ،متاثرین کو بلا کر سنا جائیگا اور ان کی داد رسی کی جائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...