نوجوانوں کی کردار سازی وقت کی اہم ضرورت:آر پی او

نوجوانوں کی کردار سازی وقت کی اہم ضرورت:آر پی او

سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال بھی بنیادی ذمہ داری: خرم شہزاد حیدر وڑائچ

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر) ڈسکہ میں نجی کالج کے زیر اہتمام ‘‘ینگ ہارٹس اینڈ پروفٹک گائیڈنس’’ کے عنوان سے آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے معروف مذہبی و سماجی شخصیت پیرزادہ محمد رضا مصطفائی کے ہمراہ شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کی تعلیم کے ساتھ اخلاقی تربیت، کردار سازی اور درست سمت میں رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ مضبوط، مہذب اور پُرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان اعلیٰ اخلاقی اقدار اپنائیں، قانون کا احترام کریں، منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرات پر بات کرتے ہوئے آر پی او نے کہا کہ منشیات نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں، تعلیمی مستقبل اور خاندانی زندگی پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں۔ نوجوانوں کو منشیات سمیت ہر قسم کی نقصان دہ سرگرمی سے دور رہنا چاہیے ، مثبت دوستوں کا انتخاب کرنا چاہیے اور کھیلوں سمیت تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے ۔

کسی منفی رجحان کا سامنا ہونے پر والدین اور اساتذہ سے رہنمائی حاصل کی جائے ۔ منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کیلئے والدین، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے ۔سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے آر پی او نے کہا کہ سماجی رابطوں کے ذرائع معلومات کے حصول، تعلیم، رابطوں اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کا مؤثر وسیلہ ہیں، تاہم ان کا غیر ذمہ دارانہ استعمال نوجوانوں کو مختلف مسائل سے دوچار کرسکتا ہے ۔ طلبہ و طالبات کو چاہیے کہ غیر مصدقہ معلومات، افواہوں اور اشتعال انگیز مواد کی تشہیر سے گریز کریں،آر پی او نے خواتین کے تحفظ، بچوں کے حقوق اور معاشرتی جرائم کی روک تھام کے لیے آگاہی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر اسپائر کالج کی انتظامیہ نے آرپی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...