ٹرمپ کا روس اور یوکرین کے درمیان توانائی جنگ بندی کا اعلان، زیلینسکی کا خیرمقدم

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے روکنے کے لیے فوری جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے، تاہم ماسکو کی جانب سے اس پر عمل درآمد کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ جنگ بندی کے تحت روس اور یوکرین ایک دوسرے کے بجلی گھروں، بجلی کی ترسیل کے نظام اور توانائی کے دیگر بنیادی ڈھانچے کو فضائی یا میزائل حملوں کا نشانہ نہیں بنائیں گے۔

رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جنگ بندی فوری طور پر مؤثر ہوگئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد توانائی کے نظام کو حملوں سے محفوظ رکھنا اور بحران کے دوران شہریوں کو بجلی اور دیگر توانائی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

یوکرین کے صدر ولادومیر زیلینسکی نے امریکی صدر کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مثبت پیش رفت قرار دیا۔

ایک میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے زیلینسکی نے کہا کہ اگر روس توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے روکتا ہے تو یوکرین بھی ایسا کرنے کے لیے تیار ہے۔

زیلینسکی نے مزید کہا کہ اگر صدر ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اس معاملے پر مفاہمت کی ہے تو جنگ بندی کے آغاز کی تاریخ بتائی جائے، یوکرین اس پر عمل درآمد کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب ماسکو کی جانب سے تاحال امریکی صدر کے اعلان کردہ توانائی جنگ بندی پر عمل درآمد کے حوالے سے تصدیق سامنے نہیں آسکی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...