تیاریاں مکمل، 24 نومبر کو راولپنڈی میں مریم نواز کا تاریخی استقبال ہوگا: حنیف عباسی
راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ مریم نواز کے استقبال کی تیاریاں مکمل ہیں، 24 نومبر کو تاریخی استقبال کریں گے۔
راولپنڈی میں مسلم لیگ ن سوشل میڈیا یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے کبھی اپنے کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑا اور نہ ہی کارکنوں نے اپنے قائدین سے بے وفائی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کو دن ایک بجے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا راولپنڈی میں تاریخی استقبال کیا جائے گا، جس میں نوجوان مرکزی کردار ادا کریں گے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آج نوجوانوں نے اپنے جوش و جذبے سے سب کو حیران کردیا ہے، کنونشن کے لیے یوتھ کو کوئی فنڈنگ نہیں کی گئی، اس کے باوجود بڑی تعداد میں نوجوانوں اور تاجروں کی شرکت قابلِ تحسین ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے راولپنڈی کو تعلیمی ادارے، ہسپتال، میٹرو بس اور صفائی کا بہتر نظام دیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے ریلوے کے منصوبوں کے لیے 15 سے 16 ارب روپے فراہم کیے، جو ریلوے کی 70 سالہ تاریخ میں پنجاب حکومت کی بڑی سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں 400 بستروں پر مشتمل ہسپتال جون 2027 تک مکمل کیا جائے گا جبکہ پی کے ایل آئی راولپنڈی میں 12 سے 14 کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ مفت کیے گئے ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ راجہ بازار اور کمرشل مارکیٹ میں پارکنگ پلازے بنانے کی تجاویز بھی پیش کی جائیں گی، مریم نواز کے استقبال کے لیے شہر بھر میں نوجوان اور کارکن مختلف مقامات پر موجود ہوں گے، راستوں پر پھولوں کی بارش کی جائے گی اور وزیراعلیٰ کو سونے کا تاج بھی پہنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments