صفائی آپریشن تیز، سڑکوں کی دھلائی اور پانی کا چھڑکاؤ جاری

 صفائی آپریشن تیز، سڑکوں کی دھلائی اور پانی کا چھڑکاؤ جاری

ایم ڈی کے مختلف علاقوں کے دورے ، بیٹ پلان پر عملدرآمد کی ہدایت

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) ستھرا پنجاب ایجنسی گوجرانوالہ کی جانب سے شہر بھر میں صفائی کے بڑے آپریشنز، کوڑا پھیلانے کے خلاف مہم، بیٹ پلان پر عملدرآمد اور سڑکوں کی دھلائی کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر جی ڈبلیو ایم سی و ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عبدالرزاق ڈوگر نے کھیالی بائی پاس سمیت یونین کونسل 46 اور 49کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی آپریشنز کا جائزہ لیا۔عبدالرزاق ڈوگر نے یونین کونسل 49 کے علاقوں حیدر کالونی، رشید کالونی، کوٹلی رستم اور حسن پورہ میں صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ مقررہ بیٹ پلان کے مطابق صفائی یقینی بنائی جائے ، کوڑا کرکٹ بروقت منتقل کیا جائے اور شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل مؤثر انداز میں استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام کی بہتری کے لیے فیلڈ آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔دوسری جانب، ستھرا پنجاب ایجنسی کا کوڑا پھیلانے کے خلاف سکواڈ شہر بھر میں متحرک ہے ۔ عوامی مقامات، سڑکوں اور بازاروں میں کوڑا پھینکنے کی روک تھام کے لیے آگاہی سرگرمیاں اور فیلڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں، دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو کوڑا مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ہدایات دی جا رہی ہیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...