ڈسکہ میں بینک روڈ کی تعمیر و بحالی مکمل، صوبائی وزیر کا افتتاح
روڈ کی تعمیر و بحالی ڈسکہ کے عوام سے کیے گئے وعدے کی تکمیل :میاں ذیشان رفیق
ڈسکہ (نمائندہ دنیا،نامہ نگار) صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب میاں ذیشان رفیق نے ڈسکہ کی اہم شاہراہ بینک روڈ کا افتتاح کر دیا۔ ڈسکہ آمد پر صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور آتش بازی کے ساتھ گھوڑوں کا رقص بھی پیش کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے فیتہ کاٹ کر منصوبے کا افتتاح کیا، جبکہ شہر کی ترقی، ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ بینک روڈ کی تعمیر و بحالی ڈسکہ کے عوام سے کیے گئے وعدے کی تکمیل ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق شہری علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری، نکاسی آب کے مؤثر نظام اور معیاری بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے ، تاکہ شہریوں اور تاجروں کو بہتر ماحول میسر آ سکے ۔انہوں نے بتایا کہ بینک روڈ پر سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری، آر سی سی اور کارپٹ سڑک کی تعمیر، سروس روڈ پر ٹف ٹائلز کی تنصیب، جدید لائٹ پولز، سڑکوں کی روشنی، گرین بیلٹ کی تیاری اور بجلی کے کھمبوں کی جگہ تبدیل کرنے سمیت خوبصورتی کے مختلف کام مکمل کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد شاہراہ کو بہتر، محفوظ اور خوبصورت بنانے کے ساتھ شہری آمدورفت اور کاروباری سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے ۔ ڈسکہ میں بینک روڈ کے علاوہ سمبڑیال روڈ، جامکے روڈ اور ڈسکہ کلاں روڈ سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments