اے سی سمبڑیال کا خصوصی تعلیمی مرکز کا دورہ، تعریفی اسناد تقسیم
خصوصی بچوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا مشترکہ ذمہ داری :عدنان بشیر وڑائچ
سمبڑیال (سٹی رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ نے گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سنٹر محلہ شیرآباد کا دورہ کیا اور خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت، تدریسی سرگرمیوں اور ادارے کے انتظامی امور کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے خصوصی بچوں کو فراہم کی جانے والی تعلیمی و تربیتی سہولیات، تدریسی طریقہ کار، عملی تربیت اور ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے جاری سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو ان کی انفرادی ضروریات اور صلاحیتوں کے مطابق معیاری تعلیم و تربیت فراہم کرنا ضروری ہے ، تاکہ وہ خوداعتمادی کے ساتھ زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں تعلیم، تربیت، توجہ اور مناسب رہنمائی کے یکساں مواقع فراہم کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ ایسے ادارے بچوں کی صلاحیتیں نکھارنے ، انہیں خودمختار بنانے اور معاشرے کا مفید شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے اساتذہ کی محنت، شفقت، صبر اور پیشہ ورانہ لگن بنیادی اہمیت رکھتی ہے ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور دیگر عملے میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی تعلیم کے فروغ اور بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments