سیالکوٹ میں انتظامی غفلت اور عدم توجہی کے باعث تجاوزات کی بھر مار، ٹریفک جام معمول

سیالکوٹ میں انتظامی غفلت اور عدم توجہی کے باعث تجاوزات کی بھر مار، ٹریفک جام معمول

متعدد علاقوں میں دکانداروں نے دکانوں کے آگے پختہ تھڑے تعمیر کر رکھے ،بعض مقامات پر انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی موٹر سائیکل اور رکشہ سٹینڈز قائم ،انتظامیہ سے فوری نوٹس لے :شہریوں کامطالبہ

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) شہر میں انتظامی غفلت اور عدم توجہی کے باعث تجاوزات کی بھرمار ہو گئی، جس سے ٹریفک جام معمول بن گیا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ مین بازار، خادم علی روڈ، شہاب پورہ روڈ، چرچ روڈ، حاجی پورہ روڈ، مجاہد روڈ، تحصیل بازار، لہائی بازار اور گندم منڈی بازار سمیت متعدد علاقوں میں دکانداروں نے دکانوں کے آگے پختہ تھڑے تعمیر کر رکھے ہیں۔شہریوں کے مطابق بعض مقامات پر انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی موٹر سائیکل اور رکشہ سٹینڈز قائم کیے گئے ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کی ہدایات کے باوجود صورت حال میں بہتری نہیں آ سکی۔اندرون شہر کے مصروف بازاروں، جن میں مین بازار، چوک شہداں، مسلم بازار، بڈھی بازار اور ٹرنک بازار شامل ہیں، میں دکانداروں نے میونسپل کارپوریشن کے عملے کی مبینہ ملی بھگت سے پھٹے ، تھڑے ، الماریاں اور دیگر تعمیرات قائم کر رکھی ہیں۔ بعض دکانداروں نے اپنی دکانوں کے سامنے کی جگہ دستی ریڑھی بانوں کو کرائے پر دے رکھی ہے ، جس سے بازاروں میں گزرنے کی جگہ محدود ہو گئی ہے ۔شہریوں نے انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...