حافظ آباد :کوڑا کرکٹ کے ڈھیر ،کئی مقامات پر نالیاں بند
صفائی ستھرائی کا نظام ناقص ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
حافظ آباد (نامہ نگار،نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں صفائی ستھرائی کا نظام ناقص ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، شہر کی مختلف گلیوں اور محلوں میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ نالیاں گندگی سے اٹی پڑی ہیں اور کئی مقامات پر مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں۔شہریوں کے مطابق نالیوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث گندا پانی گلیوں میں جمع رہتا ہے جس سے تعفن پھیلنے کے ساتھ ساتھ مچھروں اور مختلف بیماریوں کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ بارش کی صورت میں صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے کیونکہ بند نالیوں کے باعث نکاسی آب کا نظام شدید متاثر ہو جاتا ہے ۔علاوہ ازیں شہر کے متعدد علاقوں میں گٹروں کے ڈھکن ٹوٹے ہوئے ہیں جس کے باعث شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ شہریوں نے ‘‘ستھرا پنجاب’’ مہم کے باوجود صفائی کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حافظ آباد شہر میں صفائی کے نظام کا فوری جائزہ لیا جائے ، گلیوں سے کوڑا کرکٹ اٹھایا جائے ، بند نالیوں کی صفائی کرائی جائے اور ٹوٹے ہوئے گٹروں کے ڈھکن فوری طور پر تبدیل کئے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments