گوجرانوالہ چیمبر ،تاجروں کا کوڑا ٹیکس کی وصولی پر اظہا رتشویش
صفائی کا نظام بہتر بنائے بغیر نیا ٹیکس نا فذ کرنا نا انصافی :غلام حسین جج، بابر کھرانہ
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ غلام حسین جج اور مرکزی صدر انجمن تاجران شیخ بابر کھرانہ نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے کوڑا ٹیکس کی تیز تر وصولی اور عدم ادائیگی پر شہریوں و تاجروں کو پراپرٹی ٹیکس دستاویز PT-1 کی فراہمی روکنے کے سخت اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے بیان میں تاجر برادری اور عوام کا مقدمہ پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ بنیادی صفائی ستھرائی کی سہولیات فراہم کئے بغیر کوڑا ٹیکس کی وصولی اور نفاذ تاجر برادری اور شہریوں کیلئے کسی صورت قابلِ قبول نہیں ۔صدر چیمبر نے کہا کہ گوجرانوالہ کے تجارتی مراکز، صنعتی علاقوں اور گلی محلوں میں کوڑا کرکٹ کے جا بجا ڈھیر محکمہ ایکسائز کی کارکردگی اور ٹیکس وصولی کے دعوؤں پر بڑا سوالیہ نشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر اور شہری پہلے ہی بجلی و گیس کے بھاری ٹیرف اور پیداواری لاگت کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ایسے میں صفائی کا نظام بہتر بنائے بغیر نیا ٹیکس مسلط کرنا اور PT-1 جیسے اہم انتظامی دستاویزات کو روکنا نا انصافی ہے ، اس غیر قانونی اور بلاجواز اقدام سے تاجروں میں شدید بے چینی پھیل رہی ہے ۔ صدر چیمبر نے مطالبہ کیا کہ محکمہ ایکسائز اور صفائی کے متعلقہ ادارے تاجر برادری کو اعتماد میں لیں، ٹیکس کی مقررہ شرح اور اختیارات کی تقسیم کا واضح قانونی فریم ورک جاری کریں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments