کارکی ٹکرسے ہلاکت،ڈرائیورکو 5سال قیدودیت ادائیگی کاحکم
مجرم وقاص سلیم ایک کروڑ 93 لاکھ 52 ہزار 390 روپے چاراقساط میں دیگا
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ گوجرانوالہکے جوڈیشل مجسٹریٹ محمد شہزاد مشتاق نے تیز رفتار کار کی ٹکر سے شہری کو ہلاک کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم وقاص سلیم کو پانچ سال قید بامشقت اور ایک کروڑ 93 لاکھ 52 ہزار 390 روپے دیت ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ مجرم کو مقتول کے شرعی وارثان کو 50 ہزار روپے معاوضہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ عدالت نے دیت کی رقم چار اقساط میں ادا کرنے کی سہولت بھی فراہم کر دی۔استغاثہ کے مطابق 17 دسمبر 2023ء کو محمد یوسف اپنے بیٹے شعیب کے ہمراہ دوا لے کر گھر واپس جا رہے تھے کہ گوندلانوالہ روڈ پر تیز رفتار کار کے ڈرائیور نے ان پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے ۔ ہسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے دوران محمد یوسف دم توڑ گئے ۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے مقتول کے بیٹے شعیب کی مدعیت میں درج کیا تھا۔ عدالتی حکم پر پولیس نے مجرم کو سزا بھگتنے کے لیے سنٹرل جیل گوجرانوالہ منتقل کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments