دھی رانی پروگرام110:مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیاں
93مسلم اور 17 مسیحی جوڑوں کو وزیراعلیٰ کی جانب سے فی کس2لاکھ سلامی پیش
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام کے تیسرے مرحلے میں ضلع گوجرانوالہ کے 110 مستحق جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ۔ اس سلسلے میں ایگزیکٹو مارکی میں اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب ہوئی، جس میں 93 مسلم اور 17 مسیحی جوڑوں نے نئی زندگی کا آغاز کیا۔تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے خصوصی شرکت کی اور نوبیاہتا جوڑوں کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے فی کس دو لاکھ روپے سلامی پیش کی۔ انہوں نے جوڑوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام حکومت پنجاب کا فلاحی اقدام ہے ، جس کا مقصد مستحق والدین کو بیٹیوں کی شادی کے اخراجات اور مالی مشکلات سے نجات دلانا اور انہیں عزت و وقار کے ساتھ بیٹیوں کو رخصت کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس پروگرام کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے ۔ رواں سال دھی رانی پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں پانچ ہزار مستحق جوڑوں کی شادیاں کروائی جائیں گی، جبکہ گوجرانوالہ ڈویژن میں مجموعی طور پر 450 شادیوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ کمشنر محمد علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام مستحق خاندانوں کیلئے خوشیوں کا پیغام ہے ۔ اجتماعی شادیوں کے ذریعے والدین کو مالی مشکلات سے ریلیف مل رہا ہے ۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں مقررہ ہدف کے مطابق پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments